مدرسے کے طالبعلم کی مبینہ تشدد سے ہلاکت؛ ملزم قاری کو گرفتار کرلیا گیا

متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے، پولیس حکام

لاہور:

مدرسے کے طالب علم کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے کیس میں ملزم قاری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مدرسے میں مبینہ تشدد سے کمسن طالبعلم کے جاں بحق ہونے کے کیس میں نامزد ملزم  کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔  اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایس پی کینٹ کی سربراہی میں برکی پولیس نے نامزد ملزم قاری غلام رسول کو گرفتار کیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کے بعد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ دوسری جانب پوسٹمارٹم رپورٹ اور دیگر دستیاب ثبوتوں کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مدرسے کے قاری کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ طالب علم جاں بحق

انہوں نے کہا کہ وفات پانے والے کمسن طالبعلم علی حیدر کے مقدمے میں قانونی کارروائی تیزی سے جاری ہے۔ واقعے  کے ذمہ دار کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شفاف، غیر جانبدار و میرٹ پر مبنی تفتیش ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے۔

Load Next Story