تھائی لینڈ میں دل دہلا دینے والا قتل، 17 سالہ لڑکی کی لاش سوٹ کیس سے برآمد، آسٹریلوی شہری گرفتار

واقعے کے بعد تھائی پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم تک رسائی حاصل کی

بینکاک: تھائی لینڈ کے سیاحتی شہر پتایا میں پیش آنے والے ایک لرزہ خیز قتل نے ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جہاں 17 سالہ لڑکی کی لاش ایک سوٹ کیس سے برآمد ہونے کے بعد ایک آسٹریلوی شہری کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کی لاش پتایا شہر میں ریلوے لائن کے قریب گھاس والے علاقے سے ملنے والے ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد تھائی پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم تک رسائی حاصل کی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے آسٹریلوی شہری کی شناخت سائمن پیٹر کارمین کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 40 برس سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ملزم کو بینکاک کے سوورن بھومی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ آسٹریلیا واپس جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

تحقیقات کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم مقتولہ کے ساتھ ایک کنڈومینیم میں داخل ہوا، تاہم چند گھنٹوں بعد وہ اکیلا ایک بڑا سوٹ کیس اٹھائے عمارت سے باہر نکلا۔ بعد ازاں اس نے سوٹ کیس کو موٹر سائیکل پر رکھ کر ریلوے لائن کے قریب ایک ویران مقام پر پھینک دیا، جہاں سے بعد میں پولیس نے لڑکی کی لاش برآمد کر لی۔

پولیس نے ملزم کے خلاف قتل، لاش کو چھپانے، شواہد ضائع کرنے اور ایک کم عمر لڑکی کو جنسی مقاصد کے لیے اپنے ساتھ لے جانے سمیت متعدد سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس اسٹیشن میں پیشی کے دوران ملزم نے مقتولہ کے اہل خانہ سے مختصر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے آپ کی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس ہے، یہ میرے قابو سے باہر تھا۔"

دوسری جانب مقتولہ کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی موت کے صدمے سے ابھی تک باہر نہیں آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کی والدہ پہلے ہی انتقال کر چکی تھیں اور وہ اپنے والد کا ہر ممکن سہارا بنتی تھی۔

مقتولہ کی سوتیلی والدہ نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو سخت ترین سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ عدالت ملزم کو اس کے جرم کی مکمل سزا دے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔

تھائی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کو آئندہ عدالتی کارروائی کے لیے پتایا کی صوبائی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Load Next Story