آئی فون 18 پرو کی متوقع لانچ، تفصیلات سامنے آگئیں

آئی او ایس 27 کے دوسرے ڈویلپر بِیٹا کی بروقت ریلیز سے اشارہ ملتا ہے کہ ایپل اپنی روایتی لانچ ٹائم لائن پر عمل پیرا ہے

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی آئندہ فلیگ شپ ڈیوائس آئی فون 18 پرو کی متوقع لانچ کے حوالے سے نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق کمپنی ستمبر 2026 میں اپنی نئی آئی فون سیریز متعارف کرا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 27 کے دوسرے ڈویلپر بِیٹا کی بروقت ریلیز سے اشارہ ملتا ہے کہ ایپل اپنی روایتی لانچ ٹائم لائن پر عمل کر رہی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق آئی او ایس 27 کا پہلا پبلک بِیٹا جولائی میں جاری کیا جائے گا جبکہ حتمی ریلیز کینڈیڈیٹ ورژن 9 ستمبر کے قریب پیش کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل کا سالانہ لانچ ایونٹ 9 ستمبر 2026 کو ایپل پارک میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جہاں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل فون، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کہا جائے گا، متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔

اسی تقریب میں نئی ایپل واچ کے ماڈلز کی رونمائی بھی متوقع ہے۔ تاہم، فولڈ ایبل آئی فون کی فروخت مینوفیکچرنگ مسائل کی صورت میں کچھ ہفتے تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 27 کا حتمی ورژن 14 ستمبر کو جاری ہونے کی توقع ہے جبکہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی فروخت 18 ستمبر 2026 سے شروع ہو سکتی ہے۔

واضح رہے یہ تمام تاریخیں اور تفصیلات ایک تجزیاتی رپورٹ اور پیش گوئیوں پر مبنی ہیں۔ ایپل کی جانب سے ابھی تک آئی فون 18 سیریز کی لانچ یا شیڈول کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

Load Next Story