فیفا ورلڈ کپ، آخری لمحات میں بیلجیم نے بازی پلٹ دی، سینیگال ایونٹ سے باہر

بیلجیم پری کوارٹر فائنل میں امریکہ یا بوسنیا و ہرزیگووینا سے ٹکرائے گا

SEATTLE:

فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سینیگال کو 2-3 سے شکست دے کر ایونٹ کے آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی۔

میچ کے بیشتر حصے میں سینیگال کا پلڑا بھاری رہا اور حبیب دیارا اور اسماعیلہ سار کے گولز کی بدولت ٹیم نے 2-0 کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بیلجیم کا سفر یہیں ختم ہو جائے گا۔

تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں بیلجیم نے حیران کن واپسی کی۔ ہاف ٹائم میں میدان میں آنے والے رومیلو لوکاکو نے 86 ویں منٹ میں تھامس میونیئر کے کراس پر گول کرکے ٹیم کی امیدیں زندہ کر دیں۔

صرف چند منٹ بعد لیانڈرو ٹروسارڈ کے خطرناک کراس پر یوری تیلیمانس نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر اسکور 2-2 کر دیا، جس کے بعد مقابلہ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔

اضافی وقت کے دوران دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کی بھرپور کوشش کی لیکن میچ کے 125ویں منٹ میں وی اے آر کے جائزے کے بعد بیلجیم کو پنالٹی مل گئی۔

لامین کمارا کے چیلنج پر ریفری نے پنالٹی کا فیصلہ دیا جس پر سینیگال کے کھلاڑیوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔

یوری تیلیمانس نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے پنالٹی کو شاندار انداز میں گول میں تبدیل کیا اور بیلجیم کو 2-3 کی تاریخی فتح دلا دی۔

اس کامیابی کے بعد بیلجیم پری کوارٹر فائنل میں امریکہ یا بوسنیا و ہرزیگووینا میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا۔

Load Next Story