اچھی صحت کے لیے کھانا کب کھانا چاہیے؟ نئی تحقیق نے بہترین وقت بتا دیا
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ صرف یہ اہم نہیں کہ آپ کیا کھاتے ہیں، بلکہ یہ بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ آپ کس وقت کھانا کھاتے ہیں۔ امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دن کے مخصوص اوقات میں غذا کھانے کی عادت بڑھتی عمر میں صحت بہتر رکھنے اور مختلف دائمی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
امریکی ادارے یو ٹی ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کی تحقیق کے مطابق اگر کھانے کا وقت جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی (Body Clock) کے مطابق رکھا جائے تو عمر بڑھنے کے ساتھ صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ گزشتہ ایک صدی کے دوران انسانی اوسط عمر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، لیکن اب بھی بیشتر افراد اپنی زندگی کا تقریباً 10 فیصد حصہ مختلف بیماریوں سے نبرد آزما رہتے ہیں، جن میں عمر سے وابستہ دائمی امراض اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ غذائی کیلوریز میں مناسب کمی لانے سے درمیانی عمر اور بڑھاپے میں کینسر، دل کے امراض اور دماغی تنزلی جیسی بیماریوں کا خطرہ تقریباً 50 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ رات گئے کھانے کے بجائے نسبتاً جلد کھانا کھانے کی عادت اپنانے سے مختلف بیماریوں کے امکانات میں تقریباً 35 فیصد تک کمی دیکھی گئی اور مجموعی صحت بھی بہتر رہی۔
اس تحقیق میں 528 صحت مند چوہوں کو شامل کیا گیا۔ ابتدائی آٹھ ہفتوں تک انہیں جب چاہا کھانے کی اجازت دی گئی، جس کے بعد انہیں مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو پہلے کی طرح آزادانہ کھانے دیا گیا، جبکہ دوسرے گروپ کو دن بھر کی تمام غذا صرف 2 سے 12 گھنٹوں کے مخصوص دورانیے میں فراہم کی گئی۔ اس کے بعد محققین نے ان جانوروں کی پوری زندگی کے دوران صحت اور عمر کا تفصیلی جائزہ لیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جن چوہوں نے اپنی روزانہ کی تمام غذا آٹھ گھنٹے کے اندر کھائی، ان کی اوسط عمر میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ہوا۔ اگرچہ دیگر گروپس میں یہ فائدہ واضح طور پر نہیں دیکھا گیا، تاہم محدود وقت میں کھانے والے چوہوں کی مجموعی صحت نمایاں طور پر بہتر رہی، جبکہ موٹاپے اور دائمی بیماریوں کا خطرہ بھی کم پایا گیا۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگر روزانہ کی تمام غذا 12 گھنٹوں کے اندر بھی کھا لی جائے تو صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ محققین کے مطابق ابتدائی شواہد سے یہی اشارہ ملتا ہے کہ انسانوں کے لیے بھی ناشتے کے بعد تقریباً 12 گھنٹوں کے اندر دن بھر کی خوراک مکمل کرنا صحت کے لیے موزوں ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید انسانی تحقیق کی ضرورت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تحقیق جانوروں پر کی گئی ہے، لیکن اس کے نتائج اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ متوازن غذا کے ساتھ کھانے کا مناسب وقت بھی صحت مند زندگی اور عمر رسیدگی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔