اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، اسلام آباد میں سارک گیمز سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ

اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان میں 2027 سارک گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان میں 2027 سارک گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں سارک گیمز سیکرٹریٹ فوری طور پر قائم کیا جائے گا، جبکہ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں مالی امور، بنیادی ڈھانچے اور کھیلوں کے مقامات کی نگرانی کے لیے اہم ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔اجلاس میں حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 2027 سارک گیمز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔

https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-07-02%20at%208-53-09%20PM.mp4

 قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو کھلاڑیوں کی تیاری، تربیت اور بہترین کارکردگی کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جائے گی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلے دنیا میں پاکستان کا مثبت اور نرم تشخص مزید اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Load Next Story