پیپلزپارٹی کے مقامی صدر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار
پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے مقامی یونین کونسل کے صدر کو قتل اور دیگر 2 افراد کو زخمی کرنے کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو دیگر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق پولیس قتل کیس میں ملوث ملزمان کے ایک ساتھی موٹر سائیکل رائیڈر عبدالحمید عرف کاکا کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے جبکہ قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کر رہی تھی۔
اس دوران پاکستان بازار پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے اطلاع پر فوری چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم اویس عرف کچی ولد عبدالستار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کارروائی کے دوران مرکزی ملزم کے دیگر 2 ساتھیوں روہان ولد عبدالجبار اور بلال عرف بلا ولد ندیم کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مضروب فہد عرف شانی سے چھینا گیا پستول، قتل میں استعمال کیے جانے والا اسلحہ اور ایک غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں بھی پولیس نے برآمد کرلیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اویس عرف کچی نے رواں ماہ یکم جولائی کی شب سیکٹر 10 غوثیہ چوک میں قائم یو سی 5 کے دفتر پر فائرنگ کر کے یونین کونسل کے صدر فیصل عباسی کو قتل جبکہ فہد عباسی اور فہد عرف شانی کو زخمی کیا تھا جبکہ مومن آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق جائے وقوعہ سے حاصل کی جانے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی گرفتار مرکزی ملزم اویس عرف کچی کو واردات کے لیے جاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملزم اویس نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس کی مقتول اور دیگر زخمیوں کے ساتھ عرصہ دراز سے رنجش چلی آ رہی تھی جس کی بنا پر اس نے فائرنگ کر کے واردات کا ارتکاب کیاْ
گرفتار مرکزی ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کا پولیس نے کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا جن کے خلاف مومن آباد تھانے میں اقدام قتل ، غیر قانونی اسلحہ برآمدگی ، پولیس مقابلہ اور گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔