نیوزی لینڈ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے فاسٹ بولر بین سیئرز ٹخنے کی انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق بین سیئرز مئی میں آئرلینڈ کے خلاف چار روزہ ٹیسٹ کے بعد سے ٹخنے کی تکلیف کا شکار تھے جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے آخری روز انجری مزید شدت اختیار کر گئی۔ احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں مزید معائنے اور علاج کے لیے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔
بین سیئرز کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بین لسٹر کو 16 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جو آئندہ چند روز میں گیانا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔
بین لسٹر نے 2023 میں کراچی میں پاکستان کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور اب تک تینوں فارمیٹس میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 انٹرنیشنل میچز میں 17 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ اپریل میں بنگلادیش کے خلاف نیوزی لینڈ کی آخری ون ڈے سیریز کا بھی حصہ تھے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں نیوزی لینڈ کا پیس اٹیک جیکب ڈفی، نیتھن اسمتھ، کرسچیئن کلارک، میٹ فشر اور بین لسٹر پر مشتمل ہوگا جبکہ کپتان مچل سینٹنر اسپن شعبے کی قیادت کریں گے۔ ان کے ساتھ مائیکل بریسویل اور جیڈن لینکس بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔