ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اہم کمانڈر احمد واحدی پہلی بار عوامی سطح پر سامنے آگئے
تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے قائم مقام کمانڈر احمد واحدی امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر منظرعام پر آ گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد واحدی نے تہران میں شہید سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک اہم تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دیگر اعلیٰ حکومتی اور عسکری شخصیات کے ہمراہ حاضری دی۔
احمد واحدی کی یہ پہلی عوامی موجودگی سمجھی جا رہی ہے کیونکہ وہ حالیہ جنگ کے آغاز اور پاسدارانِ انقلاب کی قیادت سنبھالنے کے بعد سے عوامی تقریبات میں نظر نہیں آئے تھے۔
یاد رہے کہ یکم مارچ 2026 کو پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر محمد پاکپور کی امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد احمد واحدی کو قائم مقام کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی تقرری ایک ایسے وقت میں ہوئی تھی جب ایران کو شدید سکیورٹی اور عسکری چیلنجز کا سامنا تھا۔
دوسری جانب ایران میں شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تدفین اور آخری رسومات کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف شہروں میں تعزیتی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی جمعرات کی شام جنوبی تہران میں واقع امام خمینی حسینیہ کے قریب قائم تعزیتی مقام پر پہنچایا گیا، جہاں اعلیٰ ایرانی سیاسی، مذہبی اور عسکری شخصیات نے حاضری دے کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق احمد واحدی کی عوامی سطح پر دوبارہ موجودگی کو ایران کی عسکری قیادت کے استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی اور سکیورٹی خدشات بدستور موجود ہیں۔