قومی اسمبلی کا جعلی افسر گھوٹکی سے گرفتار؛ مراعات اور پروٹوکول بھی لیتا رہا

عبد الواجد خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرتا تھا

فوٹو: فائل

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی افسر بن کر مراعات اور پروٹوکول لینے والے گھوٹکی کے رہائشی عبد الواجد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا  قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق عبد الواجد خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرتا تھا۔ ملزم کے پاس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ بھی موجود تھا، جس پر اسپیکر کے دستخط بھی جعلی تھے۔ یہ شخص غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی لیتا رہا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معاملے کا فوری اور سخت نوٹس لیا تھا، جس پر قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی نے فوری متحرک ہوتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی سندھ کو خطوط لکھے اور ڈی جی ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبد الواجد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پر اسپیکر نے فوری کارروائی کی۔ عبد الواجد نامی شخص کا قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود ہے۔ اسپیکر، قومی اسمبلی یا جعلی سرکاری عہدے کے نام پر دستاویز تیار کرنا سنگین جرم ہے۔

ترجمان نے عوام کو تنبیہ کی کہ وہ ایسے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے سے کسی بھی دستاویز کی تصدیق لازمی کریں۔

Load Next Story