ایران: تعزیت کیلئے آئے ہر غیرملکی وفد کیلئے مخصوص قرآنی آیت، پاکستان کیلئے کونسی آیت پڑھی گئی
ایران کے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے میں لاکھوں لوگوں کے علاوہ مختلف ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی تاہم دعائیہ تقریب کے دوران جو بات توجہ کا باعث بنی وہ ہر غیر ملکی وفد کیلئے مخصوص قرآنی آیات کا انتخاب ہے۔
تہران میں سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے تابوت کے قریب غیر ملکی وفود حاضر ہوئے اور دعائیہ کلمات کہے۔ اس دوران غیر ملکی وفود کے لیے مخصوص قرآنی آیات کی تلاوت کی گئی جس پر ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ آیات کا انتخاب دورہ کرنے والے حکام کو سیاسی اور سفارتی پیغامات بھیجنے کے لیے کیا گیا تھا۔
اگرچہ منتظمین نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ہر وفد کے لیے مختلف قرآنی آیت کیوں پڑھی گئی۔ تاہم کئی ایرانی میڈیا آؤٹ لیٹس نے آیات کے انتخاب کو اتفاقی کے بجائے قصداً قرار دیا ہے۔
نیوز میڈیا آؤٹ لیٹ تابناک نے اس اقدام کو عوامی سفارت کاری میں ایک اختراع کے طور پر بیان کیا اور کہا کہ موزوں تلاوت کو ہر وفد کے لیے اخلاقی اور سیاسی پیغامات سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
سب سے زیادہ توجہ مبذول سعودی نائب وزیر خارجہ کی آمد پر پڑھی جانے والی آیت نے کروائی۔ سورہ آل عمران کی آیت نمبر 13 اس وقت پڑھی گئی جب سعودی نائب وزیر خارجہ ولید بن عبدالکریم خامنہ ای کے تابوت کے قریب پہنچے۔ آیت میں بدر کی جنگ کا ذکر ہے جس میں نبیﷺ کے پیروکاروں نے کم تعداد ہونے کے باوجود اللہ کی مدد سے ایک بہت بڑی طاقت کو شکست دی۔ یقیناً اس میں بصیرت والوں کے لیے عبرت ہے۔
https://x.com/IranIntl_En/status/2073138978337992813/video/1
کچھ لوگوں نے اس آیت کے انتخاب کو اسرائیل اور امریکا کے ساتھ حالیہ ایران تنازع کے ساتھ جوڑا جس کے دوران سعودی عرب نے ایران کیخلاف امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دی۔
ترک وفد کے لیے سورۃ النسا کی آیت 95 تلاوت کی گئی جس میں اللہ کی راہ میں لڑنے والے اور بغیر کسی وجہ کے جہاد سے پیچھے رہ جانے والوں کا ذکر تھا۔ مبصرین نے اسے حالیہ تنازعات کے دوران ترکیہ کے محتاط رویے سے تعبیر کیا۔
لبنان کے سرکاری وفد کی آمد پر سورۃ النسا کی آیت 66 پڑھی گئی جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ اگر مسلمانوں پر (جہاد) کی آزمائش ڈالی جاتی ہے تو تھوڑے ہی ہیں جو اس آزمائش پر پورا اترتے ہیں۔ اور جو لوگ اس پر عمل کریں گے، تو اُن کیلئے بہتر ہوگا۔
اور حزب اللہ کے وفد کی آمد پر سورۃ المائدہ کی آیت 55 اور 56 پڑھی گئی جس میں اللہ اور اُس کے رسول کو مومنین کا دوست قرار دیا گیا جبکہ آیت میں حزب اللہ کا لفظ بھی آیا اور فتح کا وعدہ بھی کیا گیا۔
ایسے ہی حماس کے وفد پر بھی خوشخبری والی آیت پڑھی گئی جو کہ سورۃ الاحزاب کی آیت 23 ہے۔ آیت میں مومنین کی تعریف کی گئی جو اللہ کے ساتھ کیے گئے عہد پر قائم رہے اور اپنے عہد کو کبھی نہیں توڑا۔
پاکستانی وفد کی آمد پر سورہ الاسرا کی آیت 80 کی تلاوت کی گئی جس میں حضورﷺ کو ایک دعا پڑھنے کا کہا جارہا ہے جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے، "اور (اے نبیﷺ دعا مانگتے وقت) یوں عرض کیجئے کہ: اے میرے پروردگار! مجھے سچی طرح داخل فرما اور مجھے سچی طرح باہر لے آ اور مجھے اپنی طرف سے غلبہ اور مدد عطا فرما۔