کراچی میں نادرا کے پانچویں میگا سینٹر کا افتتاح، منفرد اور جدید سہولت بھی پیش
شہرکے مضافاتی علاقےسرجانی ٹاون میں پانچویں نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں نادرا کے نئے کھلنے والے میگا سینٹر کا افتتاح گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کیا۔
میگا سینٹرکے ذریعے 24 گھنٹ ےشہریوں کو بلاتعطل شناختی کارڈز کی متفرق سہولیات فراہم کی جائینگی اور یومیہ بنیاد پر تین شفٹوں کے ذریعے ڈھائی ہزارشہریوں کوسہولیات فراہم کی جائینگی۔
میگا سینٹرمیں 20 ون ونڈو کاونٹرز بنائےگئےہیں جبکہ خصوصی اورعمررسیدہ افراد کے لیے پہلی مرتبہ فنگرپرنٹس، آئرس سسٹم کے حامل 4 ٹیبلٹس بھی متعارف کروادی گئی ہیں۔ پاک آئی ڈی کےعلاوہ تھیلیسمیا ڈیسک بھی قائم کی گئی ہے۔
مجموعی طورپرسرجانی و قرب و جوارکی 40 لاکھ کی آبادی اس میگا سینٹر سے مستفید ہوگی، اس سینٹر میں بیک وقت 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش والی انتظار گاہ بنائی گئی ہے۔
کراچی ریجن کے ڈی جی نادرا عامر علی خان نے کہا کہ گلبرگ، کورنگی، ماڈل کالونی سینٹرز کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور انہیں جلد عوامی سہولیات کیلیے کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 2027 تک پاک آئی ڈی سہولت کو یوسیزکے ساتھ منسلک کردیا جائے گا جبکہ بغیریوسی دفتر جائے میرج، ڈیتھ اوربرتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات حاصل کی جاسکےگی۔
ریجنل ڈائریکٹر جنرل نے خوش خبری سنائی کہ گلشن حدید، لانڈھی، اورنگی اورعوامی مرکز سینٹرز کو عوامی ضروریات کے پیش نظرڈبل شفٹ میں کردیا گیا ہے۔
گورنرسندھ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نادرا آج شہریوں کی دہلیز پر پہنچ رہا ہے، جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئےنادرا بھی جدید ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نادرا نے بہت سی سہولیات متعارف کروائی ہیں، خاص طورپرنادرا میگا سینٹرمیں تھیلیسمیا ڈیسک کاقیام ایک بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس ڈیسک کےذریعےشہریوں کوبلامعاوضہ مرض کی تشخیص کی سہولت فراہم کی جائیگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جدید دورکےتقاضوں کےساتھ ہم ہرشعبےمیں آگے بڑھ رہے ہیں اوران تمام کاوشوں میں پیس میکر کے طورپر فیلڈ مارشل کا نام سرفہرست ہے۔