کراچی میں ماں اور 3 بچیاں پُراسرار طور پر لاپتہ

تھانہ سول لائنز میں شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج، پولیس نے لاپتہ ماں اور بیٹیوں کی تلاش شروع کردی

(فوٹو : فائل)

شہر قائد کے علاقے ہجرت کالونی سے خاتون 3 بیٹیوں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ، سول لائن پولیس نے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ہجرت کالونی گلی نمبر 42 میں رہائش پذیر سجاد حسین نامی شخص کی اہلیہ اپنی 3 بیٹیوں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی، واقعہ گزشتہ ماہ 29 جون کو پیش آیا تھا تاہم بیوی اور بیٹیوں کی تلاش میں ناکامی کے بعد شوہر نے سول لائن پولیس سے رابطہ کرلیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او جاوید اقبال نے بتایا کہ پولیس نے سجاد حسین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 85 سال 2026 تحت درج کیا ہے جس میں کسی خاتون کو مجرمانہ نیت سے ورغلا کر لیجانا سمیت دیگر وجوہات کے حوالے سے دفعہ 496 اے لگائی گئی ہے۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ وہ ہجرت کالونی میں 2، ڈھائی سال سے رہائش پذیر اور مزدوری کرتا ہے، 29 جون کو وہ معمول کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے اپنے کام پر گیا اور شام کو 6 بجے واپس آیا تو گھر کو تالا لگا ہوا تھا جبکہ بیوی گھر پر موجود نہیں تھی۔

مدعی مقدمہ کے مطابق مجھے قومی شبہ ہے کہ کوئی شخص یا اشخاص نامعلوم میری بیوی کو بھلا پھسلا کر مجرمانہ نیت سے اغوا کر کے لیجانے کا ہے جبکہ میری بیوی جاتے ہوئے میری 3 بیٹیوں جن کی عمریں 15 ، 12 اور 9 سال اپنے ہمراہ لے گئی جبکہ میری بیوی گھر سے 12 تولہ چاندی ، 4 تولہ سونا اور 4 لاکھ روپے نقدی بھی لے گئی۔

ایس ایچ او جاوید اقبال نے مزید بتایا کہ مدعی اور اہلیہ کا آبائی تعلق بہاولپور احمد پور شرقیہ سے ہے تاہم پولیس نے درج کیے جانے والا مقدمہ مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو لاپتہ ہونے والی ماں اور اس کی 3 بیٹیوں کی تلاش کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر تین سگی بہنوں کے اغوا سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم مقدمے کے اندراج کے بعد صورتحال واضح ہوگئی۔

Load Next Story