کراچی، لیاری میں کمسن بچیوں کیساتھ مبینہ غیر اخلاقی حرکتیں کرنے کے الزام میں باپ اور محلے دار گرفتار
شہر قائد کے علاقے لیاری کلاکوٹ میں خاتون نے شوہر پر کمسن بیٹیوں کے ساتھ غیراخلاقی حرکتیں کرنے کا الزام عائد کیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے شوہر سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ پولیس نے لیاری آٹھ چوک کی رہائشی خاتون کائنات کی جانب سے اپنے شوہر پر شرمناک الزام عائد کیے جانے پر شوہر سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 211 سال 2026 بجرم دفعات 354 اور 376 ٹو کے تحت درج کرلیا۔ ایف آئی آر میں مدعیہ نے شوہر وقار پر اپنی 3 کمسن بیٹیوں سے غیر اخلاقی حرکات کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کے بعد بچیوں کا سول اسپتال پولیس سرجن آفس میں میڈیکل معائنہ اور نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
مدعیہ کائنات نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میری بیٹی نے یہ بھی بتایا کہ جہاں وہ ٹیوشن پڑھتی ہیں اسی گلی میں بھی ایک لڑکے نے غیر اخلاقی حرکات کی ہیں جس کے بعد میں نے اپنے طور پر معلومات کی تو اس کا نام آدم معلوم ہوا ہے۔
پولیس نے مدعیہ کے اس بیان پر اس کے شوہر وقار اور محلے دار آدم کو حراست میں لے لیا۔
اس حوالے سے کلاکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کی عمریں 7 ، 5 اور 2 سال ہیں، خاتون کی جانب سے شوہر اور محلے دار پر جو الزام عائد کیا گیا ہے اس حوالے سے انویسٹی گیشن پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی جبکہ ابتدائی تفتیش میں زیر حراست افراد نے ان الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔