ایف آئی اے کی بڑی کامیابی، 9 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد کی خردبرد کیس میں 3 ملزمان کو سزائیں
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور نے 9 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد کی مالی خردبرد کے مقدمے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین ملزمان کو سزا دلوادی۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق عدالت او آئی بی-II لاہور نے ملزمان محمد رضا حسن، محسن عباس نقوی اور سیدہ فریحہ شاہ کو جرم ثابت ہونے پر مختلف سزائیں سنائیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے بینک ملازمین کی حیثیت سے اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے 39 اکاؤنٹ ہولڈرز کے 9 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خردبرد کی۔
عدالت نے مرکزی ملزم محمد رضا حسن کو 28 سال قیدِ بامشقت اور 6 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ شریک ملزمان محسن عباس نقوی اور سیدہ فریحہ شاہ کو 18، 18 سال قیدِ بامشقت اور 3، 3 کروڑ روپے جرمانے کی سزا دی۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت نے تینوں ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ سزائیں مضبوط تفتیش اور مؤثر قانونی پیروی کے باعث ممکن ہوئیں۔ مقدمے کی تفتیش ڈپٹی ڈائریکٹر ملک سکندر حیات کی نگرانی میں مکمل کی گئی، جبکہ عدالت میں مؤثر قانونی پیروی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل بیرسٹر رانا عزیر نے کی۔