پنجاب اسمبلی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی؛ آڈٹ رپورٹ میں غیر معیاری مٹیریل کی مہنگے داموں خریداری کا انکشاف
پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی-I کے اجلاس کے دوران آڈٹ رپورٹ میں غیر معیاری مٹیریل کی مہنگے داموں خریداری کا انکشاف ہوا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرپرسن چوہدری افتخار حسین چھچھر نے کی، میٹنگ میں پنجاب اسمبلی اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ذیلی ادارے واسا سمیت دیگر محکموں آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔
محکمہ واسا کے مین ہولز کی زائد پیمائش کے باعث اضافی ادائیگیوں پر ڈی جی واسا کی سرزنش کی گئی۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی افتخار چھچر نے کہا کہ محکمہ واسا کے انجینیئر کی وجہ سے سرکاری خزانے کا ضیاع ہو رہا ہے۔
ڈی جی واسا نے بتایا کہ ٹھیکیداروں کے وقت پر کام مکمل نہ کرنے سے لاگت بڑھی ہے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہا کہ ٹینڈرز کے وقت کے مطابق کام کروانا آپ کی ذمہ داری ہے۔
کمیٹی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو متعلقہ بے ضابطگیوں پر دو روز میں انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔