آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ، 20 کلو تھیلے کی قیمت 2900 روپے سے تجاوز کرگئی
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کی قیمت 2900 روپے سے تجاوز کرگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں دو روز کے دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
حالیہ اضافے کے بعد پشاور میں 20 کلو آٹے کی قیمت 2900 روپے سے تجاوز کرگئی۔ اوپن مارکیٹ میںمیدہ کی قیمتوں میں ایک بار پھر مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
پشاور میں فائن آٹا، اسپیشل آٹا، مکس آٹا اور سرخ آٹے کے 20 کلو اور 80 کلو کی بوری کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف تندور مالکان کی جانب سے روٹی کا وزن مزید کم کر دیا گیا ہے۔
نان بائیوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب سے آٹے کے سپلائی پر پابندی کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، شہر میں 20 کلو اور 80 کلو اٹے کی بوری کی قیمت میں اضافے کے بعد روٹی کا وزن مزید کم کیا ہے۔
اس سارے معاملے پر انتظامیہ نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کیخلاف ایکشن لیا جائے اور سرکاری نرخ پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔