سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی، فیلڈ مارشل

مسلح افواج خود کو جنگ کی نئی نوعیت میں ڈھال رہی ہیں، ملکی امن اورترقی کوکوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، این ڈی یو میں خطاب

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلیے دشمن انٹیلیجنس کی سازشوں سے آگاہ ہیں، سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگ کی نوعیت بدل چکی، پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمتِ عملی اور صلاحیتوں کو اسی مطابق ڈھال رہی ہیں، اسٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ صلاحیت ہی پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ این ڈی یو جیسے ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل آگاہ ہیں، دشمن ایجنسیوں کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن اور معاشی ترقی کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کے ٹھکانے اور ان کے سہولت کار مکمل طور پر ختم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے شور یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں، پاکستان کی آزمودہ کار مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد ہے۔

فیلڈ مارشل نے گریجویٹنگ افسران کو دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کے اصول اپنانے کی تلقین کی۔ قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر صدر این ڈی یو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

Load Next Story