پاکستان کا ایران امریکا کشیدگی پر اظہار تشویش، فریقین پر اسلام آباد معاہدے کی پاسداری پر زور

خطے میں نئی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، فریقین تحمل کا مظاہرہ اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں، ترجمان

فوٹو فائل

پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں نئی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جارحیت اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کردی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں ایک نئی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے، تمام فریقین تحمل کامظاہرہ کریں اور ایسےاقدام سے گریز کریں جوامن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن کے حصول کے لیے مسلسل مصروفیت، مذاکرات اورسفارت کاری کا کوئی متبادل نہیں ہے، پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت متعلقہ ذمہ داریوں کو نبھائیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہرافہام و تفہیم، احترام اورمشترکہ خوشحالی کی ایک پائیداربنیاد ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
 

Load Next Story