چیک باؤنس کیسز: عدالت نے راج پال یادیو کو قید اور جرمانے کی سزا سنادی

عدالت نے راج پال یادیو کی سزا کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے نچلی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا

بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راج پال یادیو کو دہلی ہائی کورٹ نے متعدد چیک باؤنس مقدمات میں تین ماہ قید کی سزا سنادی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس سورنا کانتا شرما نے ایم/ایس مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے دائر سات مختلف مقدمات کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے راج پال یادیو کی سزا کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے نچلی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ساتوں مقدمات میں دی گئی سزائیں بیک وقت نافذ ہوں گی اس لیے راج پال یادیو کو مجموعی طور پر تین ماہ جیل میں گزارنے ہوں گے۔

عدالت نے اداکار کو ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

اس کے علاوہ ایک لاکھ چار ہزار روپے اور ریاست کے حق میں 75 ہزار اور 25 ہزار روپے اضافی ادا کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

فیصلے میں راج پال یادیو کی اہلیہ رادھا راج پال یادیو پر بھی ہر مقدمے میں پانچ کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اداکار کو معاملہ حل کرنے کے کئی مواقع دیے گئے تاہم وہ اپنے وعدوں پر عمل نہ کر سکے۔

عدالت نے انہیں دو ماہ کے اندر اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کی اجازت بھی دے دی۔

Load Next Story