اشتہاری ملزم کی شادی میں شرکت پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں منعقد ہونے والی شادی میں اشتہاری ملزم کی شرکت پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کے 5 ساتھی گرفتار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور پولیس نے نوشہرہ میں مشہور کبابی رامبیل کے نواسوں کی شادی تقریب کے دوران چھاپہ مارکر وہاں سے مختلف جرائم میں مطلوب گینگ کے 5 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جن سے پولیس نے تفتیش شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق چھاپہ اس وقت مارا گیا جب حجرے میں تاروجبہ کے مشہورکبابی رامبیل کے نواسوں کی شادی کی تقریب جاری تھی۔
پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ارمڑ پولیس کو مطلوب ایک اشتہاری بھی شادی تقریب میں موجود ہے۔ خطرناک اشتہاری کی گرفتاری کیلئے پشاور پولیس پہنچی تاہم وہ موجود نہیں تھالیکن کارروائی کے دوران گینگ کے دیگر5 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کی جانب سے سہولت کاری کے الزام میں رامبییل کے ایک بیٹے کی گرفتاری کی بھی اطلاعات ہیں۔ ملزموں کے نام اور شناخت کو صیغہ راز میں رکھاجارہا ہے جنہیں پشاور منتقل کرکے ان کے کریمینل ریکارڈ کی چھان بین شروع کردی گئی ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔