حج کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرگئی
فوٹو: فائل
وفاقی وزارت مذہبی امور نے بتایا ہے کہ حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور اب تک 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرالی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج رجسٹریشن اپڈیٹ میں بتایا گیا کہ حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور گھر بیٹھے رجسٹر ہونے والے عازمین حج کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ حج پورٹل یا موبائل ایپ ‘پاک حج’ کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل نہایت آسانی سے ممکن ہے۔
وزارت مذہبی امور نے اگلے مرحلے میں حج واجبات بھی آن لائن وصول کرنے کا عندیہ دیا اور بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کا تیار کردہ حج منیجمنٹ سسٹم عازمین حج اور وزارت کے درمیان رابطے کا آسان ذریعہ بن گیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ دو لاکھ 22 ہزار افراد نے سرکاری اور 86 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا، رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 81 ہزار مرد اور ایک لاکھ 27 ہزار خواتین شامل ہیں۔
حکام کے مطابق رجسٹرڈ عازمین حج میں 3 ہزار 500 پی ایچ ڈی، 53 ہزار ماسٹرز اور 71 ہزار پیچلرز تعلیم کے حامل ہیں، 33 تا 44 سال کے عازمین حج ایک لاکھ 19 ہزار کی تعداد کے ساتھ نمایاں ہیں، 61 سال سے زائد عمرا کے حامل عازمین حج کی تعداد 40 ہزار ہے۔
مزید بتایا گیا کہ حج 2027 تا 2030 کے لیے گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔