کراچی: قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں ڈاکٹروں پر تشدد کیخلاف ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج

خواتین ڈاکٹرز نے خود کو ہجوم سے بچانے کے لیے دوسری منزل سے چھلانگ لگائی، ڈاکٹروں کا دویٰ

(فوٹو: فائل)

قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔

احتجاجی ڈاکٹروں کے مطابق گزشتہ روز چند افراد نے اسپتال میں داخل ہو کر خواتین ڈاکٹروں کو ہراساں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 سے 20 افراد پر مشتمل ہجوم بچے کو بیڈ نہ ملنے پر مشتعل ہو کر ڈاکٹروں پر حملہ آور ہوا۔

ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا کہ خوف و ہراس کے باعث خواتین ڈاکٹرز نے خود کو بچانے کے لیے دوسری منزل سے پہلی منزل تک چھلانگ لگائی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی غیر فعال ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل خطرات کا سامنا ہے اور ہر ماہ ڈاکٹروں پر تشدد یا ہراسانی کے دو سے تین واقعات پیش آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اسپتال میں مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ اگر سیکیورٹی کے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

Load Next Story