رحیم یار خان، انتظامیہ کی غفلت کے باعث کھلا مین ہول ایک اور معصوم کی جان لے گیا
فوٹو: فائل
رحمت نیازی کالونی میں افسوسناک واقعے میں تین سالہ معصوم بچہ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مین ہول کا ڈھکن ٹوٹا ہوا تھا جس کے باعث بچہ اچانک اس میں جا گرا۔ مین ہول میں گرنے کے بعد دم گھٹنے سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز کی تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔
معصوم بچے کی ہلاکت پر علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔