لاہور، بچوں کے مین ہولز میں گرنے کے واقعات، صوبائی وزیر نے افسران کو آخری وارننگ جاری کر دی

کھلے مین ہولز کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے جامع رپورٹ اور حفاظتی تجاویز پیش کی جائیں، بلال یاسین


ویب ڈیسک June 20, 2026

لاہور:

صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے بچوں کے مین ہولز میں گرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو سخت انتباہ جاری کر دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مانیٹرنگ نظام میں مزید غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب ڈویلپمنٹ پلان (PDP) کے تحت بذریعہ ویڈیو لنک منعقدہ کارکردگی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال یاسین نے تمام اضلاع کے واسا منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ مخدوش اور کھلے مین ہولز کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے جامع رپورٹ اور حفاظتی تجاویز پیش کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر جاری ڈی سلٹنگ مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے اور تمام اضلاع ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں۔

وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بارشوں کی شدت اور مقدار میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر مزید مشینری جلد مختلف اضلاع کو فراہم کی جائے گی۔

بلال یاسین نے ڈی جی واسا پنجاب کو ہدایت کی کہ کسی بھی ضلع میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں اضافی مشینری فوری فراہمی کے لیے مرکزی پول میں دستیاب رکھی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی سستی یا تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔

محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں پر نکاسی آب اور دیگر انتظامات کو بھی فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے کل تک اپنی تیاریاں حتمی شکل دیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔