نادر فلکیاتی منظر، آج چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ غائب ہو جائے گا
مکہ مکرمہ: فلکیاتی ماہرین کے مطابق بدھ، 15 جولائی کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آئے گا، جس کے باعث چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
اس نادر فلکیاتی موقع پر دنیا بھر کے مسلمان بغیر قطب نما بھی قبلے کی درست سمت معلوم کر سکیں گے۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج خانہ کعبہ کے بالکل اوپر 90 ڈگری کے زاویے پر ہوگا۔ اس لمحے سورج اور خانہ کعبہ ایک ہی عمودی خط پر آ جائیں گے، جس کے نتیجے میں خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دے گا۔
پاکستان میں یہ منظر دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر پیش آئے گا۔
ماہرین کے مطابق اس وقت جو لوگ سورج کو سامنے رکھ کر کھڑے ہوں گے، وہ اپنے مقام پر کسی سیدھی لکڑی یا ڈنڈے کا سایہ دیکھ سکتے ہیں۔ اس سائے کی بالکل مخالف سمت خانہ کعبہ یعنی قبلے کی سمت ہوگی، جس سے گھروں، مساجد اور دیگر مقامات پر قبلے کی درست سمت معلوم کی جا سکتی ہے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی مظہر ہر سال دو مرتبہ پیش آتا ہے اور صدیوں سے مسلمان اسی طریقے سے قبلے کی سمت کی تصدیق کرتے رہے ہیں۔
قدیم زمانے میں جب جدید آلات اور قطب نما دستیاب نہیں تھے تو علماء اور ماہرین فلکیات سورج کے اس مقام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زمین میں لکڑی گاڑ کر اس کے سائے کی مخالف سمت کو قبلے کے رخ کے طور پر متعین کرتے تھے۔
ماہرین نے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے گھر یا مسجد میں قبلے کی سمت کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں، وہ مقررہ وقت پر یہ آسان طریقہ استعمال کر سکتے ہیں۔