کورنگی میں واٹر ٹینکر حادثہ، جاں بحق نوجوان کی بیوہ کا 13 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ

عدالت نے ٹینکر مالک اور ڈرائیور کو نوٹس جاری کر دیے، سماعت 15 اگست تک ملتوی

فوٹو فائل

سینیئر سول جج شرقی کی عدالت میں کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی بیوہ نے ٹینکر مالک اور ڈرائیور کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ کیس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

وکیل کے مطابق مارچ 2026 میں چمرا چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے نوجوان طلحہ ظہیر کو کچل دیا تھا، جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق موت حادثے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث واقع ہوئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی وفات کے بعد اہل خانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ قانون کے مطابق ٹینکر مالک اور ڈرائیور معاوضہ ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

Load Next Story