بھارت کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر کا مبینہ خفیہ ڈیٹا ہیک، ڈارک ویب پر فروخت کے لیے پیش
ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بھارت کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر سے متعلق حساس معلومات حاصل کر لی ہیں اور چوری شدہ ڈیٹا کو ڈارک ویب پر فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہیکرز کا کہنا ہے کہ ان کے قبضے میں آنے والی معلومات میں بڑی تعداد میں مبینہ خفیہ فائلیں، جوہری تنصیبات کے نقشے، سپلائرز کی تفصیلات اور دیگر حساس دستاویزات شامل ہیں۔
ہیکرز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یہ معلومات ریلائنس گروپ سے حاصل ہوئیں، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق چوری شدہ ڈیٹا کو ڈارک ویب پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس کے بعد بھارت میں سائبر سکیورٹی اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے نئے خدشات جنم لے رہے ہیں۔
تاحال بھارتی حکام یا متعلقہ اداروں کی جانب سے ہیکرز کے دعووں کی مکمل تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، جبکہ واقعے کی نوعیت اور ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق اگر ایسے دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو حساس انفراسٹرکچر سے متعلق معلومات کے افشا ہونے سے قومی سلامتی، توانائی کے نظام اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں دنیا بھر میں جوہری، توانائی اور سرکاری ادارے سائبر حملوں کا بڑھتا ہوا ہدف بن رہے ہیں، جس کے باعث اہم انفراسٹرکچر کے ڈیجیٹل تحفظ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔