فیفا ورلڈ کپ جیتنے سے پہلے ہی انگلینڈ کی فتح کا ٹیٹو بنوانا مداح کو مہنگا پڑ گیا

ورلڈ کپ جیتنے کی پیشگوئی غلط ثابت ہونے پر شان نے 550 پاؤنڈ کے ٹیٹو کے نیچے صرف مذاق تھا لکھوانے کا فیصلہ کیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد ایک انگلش مداح کی منفرد پیشگوئی ناکام ہوگئی جس نے اپنی ٹیم کو پہلے ہی عالمی چیمپئن قرار دیتے ہوئے مستقل ٹیٹو بنوا لیا تھا۔

برطانیہ کے علاقے گریٹر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ شان کیرنگٹن نے راؤنڈ آف 32 میں ڈی آر کانگو کے خلاف انگلینڈ کی فتح کے بعد اپنے جسم پر فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ  England World Cup Winner 2026 کا ٹیٹو بنوایا تھا۔

جیسے جیسے انگلینڈ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھتا گیا، ان کی پیشگوئی درست ہوتی دکھائی دینے لگی، تاہم سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے 1-2 سے کامیابی حاصل کرکے انگلینڈ کا عالمی کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

شان کیرنگٹن نے برطانوی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ جلد بازی میں فیصلے کرنے کے عادی ہیں اور انہیں یقین تھا کہ انگلینڈ سیمی فائنل میں ارجنٹینا کو 0-3 سے شکست دے گا جبکہ فائنل میں اسپین کو 1-2 سے ہرا کر عالمی چیمپئن بن جائے گا۔

ورلڈ کپ جیتنے کی پیشگوئی غلط ثابت ہونے کے باوجود شان نے اپنے 550 پاؤنڈ مالیت کے ٹیٹو کو ہٹانے کے بجائے اس کے نیچے  Only Kidding  یعنی صرف مذاق تھا لکھوانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس یادگار غلط پیشگوئی کو مزاحیہ انداز میں محفوظ رکھا جا سکے۔

Load Next Story