گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے سے متعلق مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر ملک کفایت الرحمان کی زیر صدارت ہوا جس میں مممبر اسمبلی سید جلال شاہ نے قرارداد پیش کی جس پر حکومتی اور اپوزیشن کے متعدد اراکین کے دستخط کیے۔
قرارداد میں گلگت بلتستان کو آئینی ترمیم کے ذریعے عبوری صوبہ بنائے، پاکستان کے دیگر صوبوں کے مساوی آئینی، سیاسی اور جمہوری حقوق فراہم کرنے اور قومی سطح پر مؤثر نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عبوری صوبائی حیثیت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو متاثر نہیں کرے گی اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے متصادم ہوگی۔
قرارداد میں وفاقی حکومت کو آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات شروع کرنے کی سفارش کرتے ہوئے گلگت بلتستان کیلیے این ایف سی ایوارڈ کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
قرارداد میں گلگت بلتستان کے عوام کی قومی وسائل میں منصفانہ حصہ داری کی حمایت بھی کی گئی ہے۔
ایوان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے سے متعلق مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔