جے ڈی وینس نے ایران مذاکرات سے مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات مسترد کر دیے

جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے قابلِ اعتماد ارکان ہیں، نائب صدر

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیروں جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف پر ایران سے متعلق مذاکرات کے دوران مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایسی خبریں اور دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے قابلِ اعتماد ارکان ہیں اور ان پر اندرونی معلومات سے مالی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کرنا بالکل مضحکہ خیز ہے۔

امریکی نائب صدر کا یہ ردعمل ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی اس پوسٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران سے متعلق مذاکرات میں شامل بعض امریکی عہدیداروں نے اپنی ذمہ داریوں سے مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

جے ڈی وینس نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور یہ محض بے بنیاد الزامات ہیں۔

تاحال جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کی جانب سے اس معاملے پر کوئی علیحدہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ متعلقہ الزامات کے حق میں بھی کوئی عوامی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی رابطوں کے باعث مختلف نوعیت کے دعوے اور افواہیں سامنے آ رہی ہیں، تاہم ان میں سے کئی کی آزادانہ تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔

Load Next Story