گلستانِ جوہر میں بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار

ملزم کو تکنیکی بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی

لاہور:

ایسٹ زون کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو تکنیکی بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس کی شناخت سجاد ولد محمد جاوید کے نام سے ہوئی۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم بینک کے اندر موجود رہ کر آنے والے شہریوں پر نظر رکھتا تھا، جبکہ اس کا ساتھی بینک کے باہر موٹر سائیکل پر انتظار کرتا تھا۔ جیسے ہی کوئی شہری بھاری رقم لے کر باہر نکلتا، دونوں ملزمان اس کا تعاقب کرکے اسلحے کے زور پر نقدی چھین لیتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ چند روز قبل ایک شہری سے چار لاکھ روپے سے زائد رقم بھی لوٹی تھی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں جن میں ملزم کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

واردات کا مقدمہ الزام نمبر 619/2026 بجرم دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت شہری کی مدعیت میں تھانہ گلستانِ جوہر میں درج ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے مفرور ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ماضی میں ناجائز اسلحہ کے مقدمہ میں تھانہ بلال کالونی سے گرفتار ہوچکا ہے جبکہ مذکورہ مقدمہ میں عدالت سے اشتہاری بھی ہے۔

Load Next Story