اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل، 27 اکتوبر کو قومی الیکشن متوقع

وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت نے اپنی چار سالہ آئینی مدت مکمل کی ہے

اسرائیل کی پارلیمنٹ کنیسٹ تحلیل کر دی گئی ہے جس کے بعد ملک میں 27 اکتوبر 2026 کو پارلیمانی انتخابات ہونے کی توقع ہے۔

یہ انتخابات 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے بعد اسرائیل کے پہلے قومی انتخابات ہوں گے۔پارلیمنٹ کی تحلیل سے قبل حکمران اتحاد نے آخری اجلاسوں میں متعدد متنازع قوانین منظور کیے، جن میں عدالتی اختیارات، میڈیا سے متعلق اصلاحات اور مذہبی طلبہ کی فوجی بھرتی سے متعلق قانون سازی شامل تھی۔

ان اقدامات کو انتخابات سے قبل حکمران اتحاد کی سیاسی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت نے اپنی چار سالہ آئینی مدت مکمل کی ہے جو اسرائیلی سیاست میں نسبتاً غیر معمولی بات سمجھی جاتی ہے۔ تاہم نیتن یاہو کو غزہ جنگ، سلامتی کی صورتحال اور داخلی سیاسی تنازعات پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ انتخابات میں قومی سلامتی، غزہ جنگ، ایران کے ساتھ کشیدگی، عدالتی اصلاحات اور معاشی مسائل مرکزی انتخابی موضوعات ہوں گے۔ یہ بھی واضح نہیں کہ آیا کوئی ایک جماعت یا اتحاد پارلیمنٹ میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کر سکے گا یا نہیں۔

Load Next Story