دورہ سری لنکا کیلیے پاکستان ویمن اسکواڈز کا اعلان، ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں

فاطمہ ثناء کی عدم دستیابی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں منیبہ علی قیادت کریں گی

دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان ویمن اسکواڈز کا اعلان  کر دیا گیا،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی  سیریز کے لیے  قومی اسکواڈز 15 ، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گے،فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گی،فاطمہ ثناء کی عدم دستیابی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں منیبہ علی قیادت کریں گی،فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ میں شرکت کریں گی۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس ، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے،تین ویمن کرکٹرز ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست نے ابھی تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئین شپ کا حصہ ہیں، اسکواڈ میں شامل دو ویمن کرکٹرزماہم انیس اور سائرہ جبین نے ون ڈے ڈبیو نہیں کیا۔

پاکستان ون ڈے اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثناء، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست ،منیبہ علی ، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین،سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب ، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں،پاکستان ٹی ٹوینٹی اسکواڈ  کپتان منیبہ علی ، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ ،حمنہ بلال،ماہم انیس ، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی ، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار،تسمیہ رباب ، طوبی حسن ، ام ہانی اور وحیدہ اختر  پر مشتمل ہے۔

پاکستان  اور سری لنکا کے درمیان  ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک کھیلی جائے گی، دریں اثنا دورہ سری لنکا کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر جاری پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کامختصر تربیتی کیمپ اتوار کو ختم  ہو جائے گا، کیمپ میں ٹیم مینٹور اور کیمپ  کمانڈنٹ  وہاب ریاض کی زیر نگرانی کھلاڑیوں نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا جن میں جسمانی ورزشوں کے سات فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس بھی شامل تھی۔

 پاکستان ویمن ٹیم پیر کو  اپنی منزل کی جانب روانہ ہو جائے گی، پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے  اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، ون ڈے  سیریزکے میچز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جو ورلڈ کپ کوالیفیکیشن بھی ہے۔

سوریاویوا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر پہلا ون ڈے23 جولائی دوسرا ون ڈے 25 جولائی اورتیسرا ون ڈے 28 جولائی کو کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ  31 جولائی،دوسرا میچ  2اگست اورتیسرا ٹی ٹوئنٹی 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی  آل راؤنڈر کپتان فاطمہ ثناء انگلینڈ کی لیگ دی ہنڈریڈ میں تاریخی معاہدے کے باعث صرف ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب ہوں گی جس کے بعد وہ انگلینڈ روانہ ہو جائیں گی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔

Load Next Story