پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کیلیے لازم و ملزوم ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اور پاکستان کو لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کیساتھ کریں کیونکہ گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیراہتمام پاکستان بھر کے طلبا وطالبات کیلئے سمرکیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی طالب علموں کیساتھ خصوصی نشست رکھی گئی۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں پاکستان بھرکے18سےزائد شہروں کے نویں سے بارہویں جماعت کے 4 ہزارسے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔
طلبا سے خطاب میں وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال ،درپیش چیلنجز اورنوجوانوں کے قومی شعور پر روشنی ڈالی جبکہ طالب علموں کے سوالات سُن کر اُن کے جوابات بھی دیے۔
وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور تشدد کی کسی بھی شکل کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے حالیہ عالمی بحران کے دوران پاکستان کی سول وعسکری قیادت کے اہم کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان عالمی منظرنامے میں مرکز نگاہ بن چکا ہے۔
سرفراز بگٹی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری، تحقیق اور شعور کیساتھ کریں، گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گفتگو کے اختتام پرپاکستان اور بلوچستان کو ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایس پی آر سمر کیمپ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی نوجوانوں کیساتھ نشست، قومی شعور کی بیداری اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ایک اہم ترین پیشرفت ہے۔