گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس؛ ملزم کی شناخت ہوگئی، جسمانی ریمانڈ منظور

ملک کا قیمتی اثاثہ چھین لیا، آپ کے رونے سے کیا واپس آجائے گا؟ جج کا ملزم مکالمہ

اسلام آباد:

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی جبکہ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والی شناخت پریڈ کے دوران چشم دید گواہان کامران اور وسیم نے ملزم کی شناخت کر لی ہے۔ پولیس نے تفتیش مکمل کرنے کے لیے ملزم کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

سماعت کے دوران جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ملزم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اب رونے کا کیا فائدہ ہے؟ آپ نے ملک کا بہت بڑا نقصان کیا، ایک معصوم گھر تباہ کیا اور ملک کا قیمتی اثاثہ چھین لیا۔ آپ کے رونے سے کیا واپس آجائے گا؟

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے مزید تفتیش کی ہدایت کردی۔

متعلقہ

Load Next Story