’میں آخری سانس تک اس کی حفاظت کروں گا‘، شہناز گل سے تعلق پر راگھو جویال کا ردعمل
بھارتی ڈانسر و اداکار راگھو جویال نے شہناز گل کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر اس خاتون کی حفاظت کریں گے جو ان کے ساتھ ہو، اس کا محبت یا تعلق سے کوئی واسطہ نہیں۔
راگھو جویال نے پنک ولا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’’میرے والدین نے میری ایسی تربیت کی ہے کہ اگر میرے ساتھ کوئی بھی لڑکی ہو تو اس کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری ہے۔ میں اپنی آخری سانس تک اس کی حفاظت کروں گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی فطرت ہی ایسی ہے کہ وہ ہر خاتون کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ اس وقت وہ اپنی اسٹار امیج کے بارے میں نہیں سوچتے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں راگھو جویال کی سالگرہ کی تقریب سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ ہجوم کے درمیان شہناز گل کو باہر لے جاتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔ اس ویڈیو کے بعد دونوں کے درمیان ڈیٹنگ کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔