بلوچستان؛ منگوچر کے قریب گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ، مریضہ سمیت دو خواتین جاں بحق
مسلح افراد نے رکنے کا اشارہ دیا تاہم گاڑی رکنے سے قبل ہی دو اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، زخمی شخص کا بیان
کوئٹہ:
بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگوچر کے قریب اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار مریضہ سمیت دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے میں بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، مریضہ کو علاج کے لیے ژوب سے کراچی لے جایا جا رہا تھا۔
زخمی شخص نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ مسلح افراد نے رکنے کا اشارہ دیا تاہم گاڑی رکنے سے قبل ہی دو اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق خواتین کا تعلق ژوب کے علاقے کلی اپوزئی سے تھا۔