سلمان خان اپنا زیادہ وقت کہاں گزارتے ہیں؟ بہنوئی نے دلچسپ راز بتادیا

حال ہی میں سلمان خان کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد صحت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے بہنوئی اور اداکار آیوش شرما نے ان کی نجی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتادیا کہ سلمان خان اپنا زیادہ تر وقت کہاں گزارتے ہیں۔

آیوش شرما نے بتایا کہ سلمان خان اپنا زیادہ تر وقت ممبئی کے قریب واقع پنویل فارم ہاؤس میں گزارنا پسند کرتے ہیں، جہاں وہ شہر کی ہلچل اور میڈیا کی توجہ سے دور سکون کے لمحات گزارتے ہیں۔

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ایک عوامی تقریب میں سلمان خان کی شرکت کے بعد ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ تاہم اداکار نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ کے ذریعے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت کا پیغام دیا تھا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں آیوش شرما نے بتایا کہ سلمان خان کی زندگی مسلسل عوامی توجہ اور کیمروں کے حصار میں گزرتی ہے، اس لیے جب بھی انہیں موقع ملتا ہے وہ پرسکون ماحول کے لیے اپنے پنویل فارم ہاؤس کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہاں کا ماحول نہایت پُرسکون اور خوشگوار ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہاں جانے والا شخص جلد واپس آنے کا سوچتا بھی نہیں۔

ان کے بقول خاندان اور قریبی دوستوں میں یہ بات مزاحیہ انداز میں کہی جاتی ہے کہ سلمان خان کے فارم ہاؤس پر جانے کی آزادی تو سب کو ہوتی ہے، لیکن وہاں سے کب واپس آنا ہے، اس کا اختیار زیادہ تر خود سلمان خان کے پاس ہوتا ہے، اور یہی بات اس مقام کو مزید دلچسپ بنا دیتی ہے۔

Load Next Story