آزاد کشمیر کے انتخابات؛ پولنگ شیڈول تبدیل کرنے کا اعلان

عالمی مبصرین اور صحافیوں کو الیکشن کی کوریج کی مکمل اجازت ہوگی، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل نے سینئر رکن الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، رکن الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے شیڈول میں ترمیم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے انتخابات پہلے سے مقررہ شیڈول 27 جولائی کو ہی ہوں گے، مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ 2 اگست کو ہوگی اور مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر پولنگ بھی 2 اگست کو ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پونچھ ڈویژن میں پولنگ 10 اگست کو ہوگی۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ انتخابات کا صاف، شفاف اور پرامن انعقاد یقینی بنایا جائے گا اور تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد الیکشن شیڈول میں ترمیم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ، غیر جانب دارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی مبصرین اور صحافیوں کو الیکشن کی کوریج کی مکمل اجازت ہوگی۔

Load Next Story