’گاڈزیلا ورسز کانگ‘ کی اداکارہ کائلی ہوٹل ٹریفک حادثے میں چل بسیں
ہالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ کائلی ہوٹل کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی ووڈ فلم ’گاڈزیلا ورسز کانگ‘ اور ’گاڈزیلا: دی نیو ایمپائر‘ میں جیا کا کردار ادا کرنے والی نوجوان اداکارہ کائلی ہوٹل، امریکی ریاست میری لینڈ میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔
اداکارہ کے والد جوشوا ہوٹل نے امریکی سائن لینگوج میں لائیو نشریات کے ذریعے ان کی وفات کی تصدیق کی جبکہ ٹیکساس اسکول فار دی ڈیف نے بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
کائلی ہوٹل ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں جہاں کئی نسلوں سے افراد سماعت سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے بڑی اسکرین پر سماعت سے محروم افراد کی مؤثر نمائندگی کی اور دنیا بھر میں بے شمار مداحوں کو متاثر کیا۔