بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 خواتین خودکش حملہ آور گرفتار، 10 دہشت گرد ہلاک

گزشتہ 48 گھنٹوں کےدوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیےگئے


ویب ڈیسک July 22, 2026

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز  نے  آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ  2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار کرلی گئیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں،  جن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق جہاں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی طرح ضلع مستونگ میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ  وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔