بنگلادیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر
(تصویر: اے ایف پی)
بنگلادیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے انجری کے باعث باہر ہو گئے ہیں۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطابق 23 سالہ ناہید رانا کو گزشتہ ہفتے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران بائیں جانب کھچاؤ کی انجری ہوئی، جس کے باعث وہ کم از کم چھ ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔
ناہید رانا کی عدم دستیابی بنگلادیش کے لیے بڑا نقصان سمجھی جا رہی ہے کیونکہ ٹیم 23 برس بعد اپنے پہلے آسٹریلوی دورے میں بہتر کارکردگی دکھانے کی امید رکھتی تھی۔
رواں سال ناہید رانا نے بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 وکٹیں حاصل کیں، جو اس سال کسی بھی بولر کی جانب سے سب سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے 18.31 کی اوسط سے وکٹیں حاصل کیں، جن میں چار مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی شامل ہے۔
بی سی بی کے مطابق ناہید رانا کو تقریباً چار ہفتے انجری سے صحت یاب ہونے میں لگیں گے، جس کے بعد انہیں بولنگ ورک لوڈ میں مرحلہ وار واپسی کے لیے مزید دو سے چار ہفتے درکار ہوں گے۔
دوسری جانب بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شریف الاسلام اور وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس بھی ڈارون میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
بی سی بی کا کہنا ہے کہ شریف الاسلام (جو زمبابوے کے دورے کے دوران ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے) 29 جولائی سے دوبارہ بولنگ شروع کریں گے اور 12 اگست کے قریب ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا، جس کے بعد وہ 13 اگست سے میکے میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں۔