میرپور ڈویژن کے انتخابات ملتوی؟ الیکشن کمیشن کا بڑا وضاحتی بیان سامنے آ گیا
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے میرپور ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد اور جعلی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ آج مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک مبینہ پریس ریلیز وائرل کی جا رہی ہے جس میں انتخابات ملتوی ہونے کا دعویٰ کیا گیا تاہم الیکشن کمیشن نے ایسی کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چند شرپسند عناصر انتخابات کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں انتخابی عمل اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہے گا اور پولنگ کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر منعقد ہوگی۔
ترجمان نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی عمل سے متعلق درست اور بروقت معلومات کے لیے محکمہ اطلاعات اور الیکشن کمیشن کے سرکاری سوشل میڈیا صفحات اور دیگر آفیشل پلیٹ فارمز کو فالو کیا جائے۔
ترجمان کے مطابق میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ آج مقررہ شیڈول کے مطابق ہوگی اور ووٹرز بلا خوف و تردد اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔