کوٹلی الیکشن، نجی رہائش گاہ سے پولنگ بیگز ملنے پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

پریزائیڈنگ افسران اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے بجائے ایک نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے


ویب ڈیسک July 26, 2026

کوٹلی:

آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ کوٹلی میں انتخابی ضابطہ کار کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل اور گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے پولنگ بیگز تحویل میں لے لیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق دونوں پریزائیڈنگ افسران اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے بجائے ایک نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے۔

اطلاع ملنے پر ریٹرننگ آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولنگ بیگز اپنی تحویل میں لے لیے۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں افسران کو فوری طور پر معطل کرنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کرکے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا تاکہ انتخابی عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق واقعے کے باوجود پولنگ کا عمل شفاف، غیر جانبدار اور پرامن انداز میں جاری رکھا گیا اور ووٹرز کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونے دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت، بے ضابطگی یا قواعد کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔