لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی کی منصورہ میں حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عوامی مسائل کے حل سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں کے باعث کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے۔
وزیر داخلہ نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمان سے اظہارِ افسوس بھی کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان، جماعت کے قائدین اور کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔