چین میں شدید طوفان، 10 افراد ہلاک، مزید اموات کا خدشہ
ٹائیفون نول نامی طوفان نے چین کے کئی علاقوں میں شدید موسمی انتباہات کو جنم دیا ہے جبکہ اس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں اب تک 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی چین میں ایک سیاحتی مقام پر شدید بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی جس میں 10 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے۔
ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے بتایا کہ وییوآن کاؤنٹی، ڈنگسی شہر کے ایک خوبصورت مقام پر مختصر مدت کی شدید بارش کے باعث کچھ کیمپرز پھنس کر رہ گئے۔
سی سی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں جنوبی گانسو کے ناہموار پہاڑی علاقوں میں شوانگ شیمین سینک ایریا میں سیلاب کے مقام کی نشاندہی کی گئی جو دارالحکومت بیجنگ سے تقریباً 1,200 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔
شوانگ شیمین اپنے قدرتی پتھر کے محرابوں، الپائن کے میدانوں اور پہاڑی ندیوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ موسم گرما میں کیمپنگ کا ایک مشہور مقام ہے۔