پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان کر دیا

ون ڈے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026-27 کے شیڈول اور چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔ ون ڈے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فائنل سمیت مجموعی طور پر سات میچز ہوں گے۔ تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ نئے ڈومیسٹک سیزن اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا آغاز ثابت ہوگا۔ نیشنل سلیکشن کمیٹی نے چار ٹیموں کے لیے 11، 11 رکنی اسکواڈز جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے جنہیں انجری کی صورت میں شامل کیا جا سکے گا۔

شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت اور محمد نواز شامل ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت نمایاں کھلاڑی ہیں۔

صائم ایوب کی قیادت میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان کھیلیں گے، جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس شامل ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا بورڈ کی ترجیح ہے تاکہ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری مؤثر انداز میں کی جا سکے۔

Load Next Story