ایپل کے اسمارٹ گلاسز میں پرائیویسی اولین ترجیح، لانچ 2027 تک مؤخر ہونے کا امکان
ایپل مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس اپنے اسمارٹ گلاسز کی تیاری میں صارفین کی پرائیویسی کو مرکزی اہمیت دے رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اس پروڈکٹ کی لانچ جزوی طور پر اس لیے مؤخر کی ہے تاکہ ہارڈویئر کے ساتھ ساتھ پرائیویسی پالیسیوں کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق ایپل اب اپنے اسمارٹ گلاسز کی پہلی جھلک اگلے سال جون میں ہونے والی ورلڈ وائیڈ ڈیولپرز کانفرنس میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ صارفین کے لیے اس کی فروخت 2027 کے اختتام تک شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل کئی حفاظتی اقدامات پر کام کر رہا ہے، جن میں زیادہ تر اے پراسیسنگ ڈیوائس کے اندر کرنا، چہرے کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) شامل نہ کرنا، مسلسل اردگرد کے ماحول کی اسکیننگ پر پابندیاں لگانا اور صارفین کی ریکارڈنگز کو اپنے اے ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال نہ کرنے کی پالیسی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی اضافی ہارڈویئر اور سافٹ ویئر سیکیورٹی فیچرز بھی آزما رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حکمتِ عملی ایپل کو میٹا کے رے بین اسمارٹ گلاسز سے مختلف شناخت دلانے میں مدد دے سکتی ہے۔
میٹا کی ان ڈیوائسز نے اسمارٹ گلاسز کی مقبولیت میں اضافہ کیا۔ تاہم، خفیہ ریکارڈنگ سے متعلق خدشات بھی بڑھ گئے، جس کے بعد کئی اسکولوں، اسپتالوں، عدالتوں اور دیگر مقامات پر کیمرہ سے لیس پہننے والی ڈیوائسز کے استعمال پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔