سعودی عرب نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کا تقرر کر دیا

حلف برداری کی تقریب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے

ریاض:

سعودی عرب نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کی تقرری کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) راجح بن طامی البقمی کو اس اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے۔ راجح بن طامی البقمی جلد پاکستان پہنچ کر اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

راجح بن طامی البقمی کا شمار سعودی عرب کے تجربہ کار سفارتکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اس سے قبل بھی مختلف ممالک میں اہم سفارتی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں اور بین الاقوامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

پاکستان میں ان کی تعیناتی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب اسلام آباد اور ریاض کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں اور مشترکہ منصوبوں کے باعث تعلقات نئی جہت اختیار کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق نئے سعودی سفیر کی تقرری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعاون، سرمایہ کاری اور سفارتی روابط کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

Load Next Story